Mann K Mohally Main Episode #1 By Shakeel Ahmed Chouhan
Mann K Mohally Main Episode #1 By Shakeel Ahmed Chouhan | Urdu Novel | Romantic novels in urdu | best urdu novels | urdu novel bank | novels urdu | most romantic urdu novels
من کے محلے میں
Episode #1
”محبت بے درد سا درد ہے۔“ ناول خاتون نے اپنے ہینڈ بیگ سے نکالا ہی تھا۔ اُس خاتون کے ساتھ بیٹھے ہوئے لڑکے کے چہرے پر طنزیہ مسکراہٹ آٹپکی۔ اُس نے خاتون کی طرف دیکھا جو حجاب میں تھی، ہاتھوں پر اس نے باریک کپڑے کے کالے دستانے چڑھا رکھے تھے۔ چہرے پر نقاب تھا صرف اُس کی سیاہ گہری آنکھیں نظر آ رہی تھیں۔
خاتون کی نظریں ناول کے پَنّوں پر لفظوں کا تعاقب کر رہی تھیں۔
وہ لڑکا اُٹھا اور واش روم کی طرف چل دیا۔
وہ پچیس سال کا پرکشش لڑکا تھا۔ جس کی رنگت گوری اور قد کاٹھ متوسط تھا۔ روشن پیشانی کے اوپر ہلکا سا محراب تھا جو اکثر لمبے سیاہ بالوں کے نیچے چھپا رہتا تھا۔ کالی سیاہ آنکھوں میں اکثر و بیشتر لالی رہتی۔اُس لڑکے نے واش روم کی طرف جاتے ہوئے بزنس کلاس کے دوسرے مسافروں پر واجبی سی نگاہ ڈالی جن میں سے کافی سارے لنچ کرنے کے بعد نیند کی آ غوش میں تھے ۔
اِس جہاز نے لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے لیے اُڑان بھری تھی۔
وہ لڑکا واپس آکر اپنی سیٹ پر بیٹھنے لگا تو بیٹھنے سے پہلے اُس نے پھر سے ناول پڑھتی ہوئی خاتون کو بغور دیکھا اُس خاتون کی عمر پینتیس کے آس پاس تھی۔ وہ اپنی دُھن میں مگن ناول پڑھ رہی تھی۔ وہ نوجوان سونا چاہتا تھا پر اُسے ناول پڑھتی ہوئی خاتون کی لائٹ سے اُلجھن ہو رہی تھی۔
پائلٹ نے مسافروں کے آرام کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے روٹین میں جلنے والی کافی ساری لائٹس آف کر دی تھیں۔
خاتون نے ناول کے اگلے صفحے کو بڑے سلیقے سے پلٹا لڑکے کی نظر اُس کے ہاتھوں پر تھی جس کا اندازہ خاتون کو ہو چکا تھا۔ لڑکے کی بے چینی بھی اُس نے بھانپ لی تھی۔
”بھائی! آپ کو میری وجہ سے کوئی پریشانی ہے“خاتون نے نفیس آواز کے ساتھ پوچھا تھا۔
خاتون کا لب و لہجہ اور طرزِ تکلم نہایت عمدہ تھا۔
”تھوڑی سی روشنی میں بھی میری نیند اُڑ جاتی ہے“ لڑکے نے سنجیدگی سے اپنی پریشانی بیان کر دی۔ خاتون کے رخسار پر میٹھی مسکراہٹ نمودار ہوئی اُس نے بائیں ہاتھ میں ناول سنبھالا اور دائیں ہاتھ کی شہادت والی انگلی سے لائٹ کا بٹن آف کر دیا۔
”میرے خیال میں تو نیند کا تعلق دل کے سکون سے ہے، دل مطمئن ہو تو کہیں بھی نیند آ جاتی ہے۔
“خاتون نے لائٹ آف کرنے کے بعد نوجوان کے چہرے کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی رائے دی تھی۔
”کسی کے مزاج کا تعلق سکون یا بے سکونی سے نہیں ہوتا۔ میں بڑا مطمئن اور پر سکون ہوں۔“ نوجوان نے بھی خاتون کی طرف بغور دیکھ کر جواب دیا۔خاتون کے ہونٹوں پر نوجوان کی بات سن کر پھر سے ہلکا سا تبسم آیا تھا۔
”بھائی! میں نے آپ کی بات نہیں کی تھی خیر آپ آرام کرو“ خاتون نے سیٹ کی پُشت کے ساتھ ٹیک لگائی اور کھلی آنکھوں سے اوپر دیکھنے لگی۔
ناول اُس نے اپنی گود میں رکھ لیا تھا۔اِس سے پہلے پچھلے چھ گھنٹوں کی مسافت کے دوران اُن دونوں نے تعارفی مسکراہٹ کے ساتھ صرف ”ہائے ہیلو، سلام دعا، تھینکس اور شکریہ ہی ایک دوسرے سے کہا تھا۔
خاتون کی گود میں پڑے ہوئے ناول نے ایک دفعہ پھر سے نوجوان کی توجہ حاصل کر لی تھی۔
”آپ بھی اِس طرح کے ناولز پڑھتی ہیں … ؟“ نوجوان نے سونے کی بجائے سوال پوچھ لیا۔
خاتون اُس کی آواز پر چونکی اور اُس کی طرف دیکھ کر پوچھا :
”کس طرح کے مطلب…؟میں سمجھی نہیں…؟“ اب کی بار خاتون کے چہرے پر سنجیدگی تھی۔
”ڈائجسٹوں میں قسط وار چھپنے والے ناولز جن کا کوئی مقصد نہیں ہوتا صرف اور صرف وقت کا ضیاع…“ نوجوان نے دو ٹوک خود ہی تبصرہ کر دیا۔
”آپ نہیں پڑھتے ایسے بے مقصد ناولز…؟“خاتون نے سوالیہ نظروں سے پوچھا ہی تھا، نوجوان نے ہلکا سا قہقہہ لگا دیا، وہ اور زور سے ہنستا اگر اُسے دوسرے مسافروں کی نیند کا خیال نہ ہوتا۔
ایک بات تھی وہ دونوں دھیمے سروں میں اپنی بات کر رہے تھے۔
”میں نے تو باذلہ کو بھی سختی سے منع کر دیا ہے خبر دار جو ایسے ناولز پڑھے!“
”باذلہ آپ کی شریک حیات ہے…؟“ خاتون نے ہولے سے پوچھا۔
”میں نے ابھی شادی نہیں کی…“ نوجوان نے خشک لہجے میں جواب دیا۔
”بہن ہے…“ خاتون نے اندازہ لگایا۔ نوجوان نے نفی میں گردن ہلائی اور کہنے لگا:
”بہن تو نہیں ہے۔
ہاں بہن جیسی ضرور ہے“ خاتون نے سُنا تو ہلکا سا مسکرائی پھر سے ٹیک لگائی اور اوپر دیکھنے لگی۔ لڑکے نے حجاب کے باوجود اُس کی دبی دبی مسکراہٹ دیکھ لی تھی۔
”آپ میری بات پر مسکرائی کیوں…؟“ نوجوان نے کچھ خفگی سے پوچھا۔
”گہری نظر ہے آپ کی … پردے کے پیچھے والی مسکراہٹ بھی دیکھ لیتے ہیں۔“
”یہ میرے سوال کا جواب تونہیں ہے !“ لڑکے کے روکھے لہجے پر خاتون نے اُسے دیکھا، پھر سنجیدگی سے کہنے لگی :
”دیکھو بھائی! رشتے جیسا جیسی کی بیساکھیوں کے سہارے نہیں چل سکتے۔
بہن صرف اور صرف بہن ہوتی ہے۔ بہن جیسی نہیں ہوتی۔ ہم اکثر کہتے ہیں یہ میری بہن جیسی ہے۔ وہ خاتون میری ماں جیسی ہے۔ آپ میرے باپ جیسے ہو۔ تم میرے بیٹے جیسے ہو۔ کبھی کوئی مرد یہ نہیں کہتا۔ میں اُس خاتون کو اپنی بیوی جیسا ہی سمجھتا ہوں۔آپ نے کبھی بھی کسی خاتون کے منہ سے یہ نہیں سُنا ہو گا۔ میں اُس مرد کو اپنے شوہر جیسا ہی سمجھتی ہوں۔اب آپ نے طے کرنا ہے باذلہ آپ کی بہن ہے یا نہیں ہے۔
جیسی کو بیچ میں سے نکال دو…“
”ویسے تو میں جلدی ہار نہیں مانتا بہت ضدی ہوں پر آپ کی بات دل کو لگی۔ میں اقرار کرتا ہوں باذلہ میری بہن ہے“ دونوں کے ہونٹوں نے مسکراہٹ کا مزہ لوٹا ۔ وہ لڑکا اِس ساری گفتگو کے دوران پہلی بار مسکرایا تھا۔
”آپ تو فوراً رشتہ بنا لیتی ہیں…آپ کب سے مجھے بھائی کہہ رہی ہیں“
”بھائی! مجھے کہاں آتے ہیں… رشتے بنانا…“ خاتون نے اپنی گود پرپڑے ہوئے ناول پر ایسے ہاتھ پھیرا جیسے وہ کوئی مقدس چیز ہو اُس کی نظر میں۔
اِس کے بعد خاتون نے اپنے پہلو میں پڑے ہوئے ہینڈ بیگ میں وہ ناول رکھ دیا۔ لڑکے نے اِس سارے عمل کو بڑے غور سے دیکھا تو دل کی بات زبان پر لے آیا :
”لگتا ہے آپ کو اِس ناول سے خاص لگاؤ ہے“
”ہوں…“خاتون نے بغیر تامل کے کہا۔
”کوئی خاص وجہ …“
”یہ میری ہی کہانی ہے“ خاتون نے نظریں جھکائے ہی کہہ دیا۔
”باذلہ کی بھی اِس ناول کو پڑھنے کے بعد آپ جیسی ہی رائے تھی ۔
کہنے لگی بھائی یہ ناول پڑھ کر مجھے ایسا لگا جیسے یہ میری ہی کہانی ہو۔ نمل حیدر اُس کی پسندیدہ رائٹر ہے۔ باذلہ کے پاس اِس رائٹر کے سارے ناول موجود ہیں۔“ لڑکا بڑے ذوق و شوق سے باذلہ کی باتیں خاتون کو سُنا رہا تھا۔ حالانکہ وہ چرب زبان بالکل بھی نہیں تھا۔
”نمل حیدر آپ کی بہن باذلہ کی تو پسندیدہ رائٹر ہے اور آپ کی …؟“خاتون نے اشتیاق سے پوچھا۔
”بزنس مین ہوں۔ شعروشاعری اور ادب سے بالکل لگاؤ نہیں ہے…کتابیں پڑھتا ضرور ہوں مگر یہ فضول قسم کی نہیں۔“
”اُردو ادب اور شعر و شاعری کو آپ فضول سمجھتے ہیں“
”یس…ہمارا سارا ادب صرف دو لفظوں کے گرد گھومتا ہے۔ محبت اور عشق“ جہاں تک شاعری کی بات ہے وہ ہجر اور درد کے سہارے چل رہی ہے…دوسرے رائٹرز کی ابھی بات نہیں کرتے آپ نمل حیدر کو ہی لے لیں سارے کے سارے ناول محبت پر ہی لکھ ڈالے…“
خاتون غور سے لڑکے کی باتیں سُن رہی تھی۔
”آپ نمل حیدر کے خلاف ہیں یا محبت کے…؟“ خاتون نے شائستگی سے پوچھا۔
”دونوں کے…محبت ایک ایسا لفظ ہے جس کا سہارا لے کر دنیا میں سب سے زیادہ دھوکا دیا جاتا ہے۔“ لڑکے نے تلخی سے جواب دیا۔ خاتون اُس کے جذباتی پن سے لطف اندوز ہو رہی تھی۔
”محبت کی مخالفت تو سمجھ آگئی۔ آپ کے بقول محبت دھوکے کا سبب بنتی ہے۔ نمل حیدر کے کیوں خلاف ہو…؟“خاتون نے بڑے مزے سے پوچھا۔
”وہ خیالی کردار تخلیق کرکے محبت کی وکالت کرتی رہتی ہے“ لڑکے نے کسی ضدی بچے کی طرح جواب دیا۔
”نمل حیدر نے صرف وہ کردار تخلیق کیے ہیں جو ہمارے اِرد گرد معاشرے میں موجود ہیں۔ وہ کرداروں کو سوچتی نہیں ہے بلکہ دیکھتی ہے ، جو اُسے دکھائی دیتا ہے وہ ویسے ہی لکھ دیتی ہے۔“ خاتون نے یقینِ کامل سے کہا۔
”آپ تو ایسے بات کر رہی ہیں جیسے آپ نمل حیدر کو جانتی ہیں…”محبت بے درد سا درد ہے۔
“ وہی ناول ہے نا جس میں لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کی خاطر جان دے دیتے ہیں۔“
”جی ہاں…!“
”ایمپوسیبل…اُردو میں کیا کہتے ہیں…ہاں یاد آیا عقلِ سلیم اس بات کو ماننے کے لیے تیار نہیں…یہ بات میری سمجھ سے تو باہر ہے“ لڑکا جذباتی انداز میں بولا۔
”جو سمجھ میں آجائے وہ بات کہلاتی ہے۔ جو نہ آئے اُسے محبت کہتے ہیں“خاتون نے کسی دانشور کی طرح جواب دیا۔
وہ کچھ توقف کے بعد دوبارہ گویا ہوئی:
”ماں کی ممتا کو آپ کیسے سمجھ سکتے ہیں…؟“ اُس نے عجیب نظروں سے خاتون کی طرف دیکھا اورکچھ دیر دیکھتا رہا پھر ایئر ہوسٹس کو بلانے کے لیے بیل بجائی ایئر ہوسٹس آئی لڑکے نے اُس سے پانی منگوایا۔ وہ پانی لائی لڑکے نے ایک ہی سانس میں سارا پانی ختم کیا تھا۔
”آپ نے جواب نہیں دیا…“خاتون نے سوالیہ نظروں سے لڑکے کی طرف دیکھا۔
وہ گردن جھکائے ہوئے تھا اور اُس کی نظریں مڑگشت کر رہی تھیں۔
”ماں کی ممتا کو چھوڑیں…آپ یہ بتائیں نمل حیدر کو کیسے جانتی ہیں…؟“ لڑکے نے شعوری طور پر بات گول کر دی تھی۔ خاتون نے جانچتی نظروں سے اُس کی طرف دیکھا اور کچھ سوچ میں پڑ گئی چند لمحوں کے بعد کہنے گی:
”میرا ماننا ہے کہ رائٹر کی تحریریں اُس کی شخصیت کی عکاسی کرتی ہیں۔ میں نمل حیدر کو اُس کی تحریروں کے توسط سے جانتی ہوں۔
“
”معاف کیجئے گا…آپ کی نمل حیدر خود بھی ایک کریکٹر ہی ہیں“لڑکے نے پھر سے اپنی رائے دے دی۔
”وہ کیسے…؟“ خاتون نے عجلت میں پوچھا۔
”دیکھیں نا… سوشل میڈیا کے دور میں اتنی بیک ورڈہے… ٹی وی پر نہیں آتی کوئی تصویر نہیں ہے اُس کی… باذلہ بیچاری گوگل پر سرچ کرتی رہتی ہے۔“
”وہ اُس کی نجی زندگی ہے جیسے چاہے گزارے“
خاتون نے سنجیدگی سے جواب دیا۔
وہ طنز سے مسکرا دیا۔
”محبت پر لکھنے والی محبت کو نہیں سمجھتی اُسے چاہیے لوگوں سے ملے۔ لوگ اُسے ٹی وی پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ اُس کی باتیں سننا چاہتے ہیں۔ اُس کے ساتھ تصویریں بنوانا چاہتے ہیں۔ لوگ محبت کرتے ہیں اُس سے۔“
”محبت میں دیکھنے کی شرط نہیں ہوتی … وہ اپنے چاہنے والوں سے جو کہنا چاہتی ہے، اپنے ناولوں میں لکھ دیتی ہے۔ یہ محبت کی ایک الگ اور مختلف صورت ہے۔
“
”محبت… محبت… مجھے نفرت ہے محبت سے…“ لڑکا دانت پیستے ہوئے بولا۔ اُس نے اپنے دل کا غبار نکال لیا تھا۔ خاتون نے شگفتگی سے اُس کے شانے پر اپنا ہاتھ رکھا اور شائستگی سے کہنے لگی:
”دیکھو بھائی! محبت سے اتنی نفرت مت کرو…اگر یہ ظالم ہوگئی تو…؟“
”تو…؟“
”تو یہ کہ …جو اِس کے جتنا خلاف ہوتا ہے یہ اُس سے اُتنے ہی طواف کرواتی ہے اپنے حضور…“
خاتون نے نصیحت کی طرز پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔
لڑکے نے اُس کی بات سُن کر اپنی آنکھیں موند لیں۔ کچھ پل دونوں اطراف خاموشی رہی۔
”ہم بغیر تعارف کے گھنٹہ بھر سے باتیں کیے جا رہے ہیں…میں مزمل بیگ … ایکسپوٹر ہوں…لیدر گڈز اور ٹریک سوٹ…کی فرانس جرمنی اور یوکے ایکسپورٹ کرتا ہوں…لاہور میں دو فیکٹریاں ہیں…“
”میں نمل حیدر ! رائٹر ہوں … کئی ناول لکھ چُکی ہوں ” نمل نے مزمل کے انداز میں ہی خود کا تعارف کروایا۔
مزمل بیگ حیرت میں مبتلا تھا۔ وہ گھنٹہ بھر سے جس خاتون کی مخالفت کر رہا تھا وہ اُس کے ساتھ ہی بیٹھی تھی۔
”میں آپ سے کچھ کہنا چاہتا ہوں۔ دراصل میرا مطلب وہ…“ مزمل بیگ نے رُک رُک کر کہا۔
”دیکھو بھائی! آپ کی کوئی بات مجھے بُری نہیں لگی۔اب میری سنو!! آپ نے کہا تھا :
”کسی کے مزاج کا تعلق سکون یا بے سکونی سے نہیں ہوتا میں بڑا مطمئن اور پرسکون ہوں اگر طبیعت میں محبت ہو تو، سکون چہرے سے ہی نظر آجاتا ہے، اُسے بتانے کی بھی ضرورت نہیں پڑتی۔
آپ نے یہ بھی کہا تھا کہ نمل حیدر کریکٹر ہے۔ میرا ماننا ہے ہر رائٹر پہلے خود ایک کریکٹر ہوتا ہے تبھی تو وہ معاشرے میں بکھرے کرداروں کو جلدی پہچان لیتا ہے کیونکہ وہ اُس کے قبیلے ہی سے ہوتے ہیں۔ میں نے آپ کو بھی پہچان لیا ہے۔ آپ بھی کریکٹر ہیں۔ آپ کی کہانی یقینا بہت الگ اور مختلف ہوگی۔ پر ابھی ادھوری ہے۔ آپ محبت اور نفرت کی وادیوں کے درمیان خود کو کھوج رہے ہیں۔
جب آپ محبت کی منزل پا لوگے تو مجھے فون کرنا تب میں آپ پر بھی ناول لکھوں گی۔
میرے ناول ”محبت بے درد سا درد ہے۔“ کے کرداروں پر بھی آپ کو اعتراض تھا۔ آپ کے خیال میں وہ کردار خیالی ہیں، حقیقت میں ایسا تھوڑی ہوتا ہے۔ رفعت اور رمیض کو میں نے خود اپنی آنکھوں سے دیکھ کر لکھا تھا۔صرف اُن کے نام تبدیل کیے تھے باقی سب کچھ حقیقت ہی تھا“ نمل حیدر نے بڑے سلیقے سے بات کی تھی۔
مزمل بیگ نے اُس کی بات کو پوری توجہ دی۔
نمل حیدر نے اپنے ہینڈ بیگ سے اپنا لیڈیز وائلٹ نکالا اُس میں سے اپنا وزیٹنگ کارڈ نکال کر مزمل بیگ کو تھما دیا جو اُس نے چپ چاپ ہی تھام لیا۔ نمل حیدر سلیقے سے پھر بول پڑی :
”میں آپ کو ڈائجسٹوں میں چھپنے والے درجنوں ناولز کے نام بتا سکتی ہوں جن کو پڑھ کر ہزاروں افراد کی زندگیوں میں تبدیلی آئی ہے۔
جس تحریر کو پڑھ کر بھٹکے ہوئے رستے پر آجائیں اُسے وقت کا ضیاع کہنا نا انصافی ہی ہوگی۔
آپ نے یہ بھی کہا تھا کہ نمل حیدر محبت کی وکالت کرتی رہتی ہے۔ مزمل بھائی!! میں کون ہوتی ہوں محبت کی وکالت کرنے والی۔ محبت تو خود ہی وکیل ہے اور جس کی وکیل خود محبت ہو، وہ خود ی میں خود کفیل ہو جاتا ہے۔“
نمل حیدر نے فصاحت سے ساری بات کی تھی۔ اُس وقت مزمل کے رُخِ روشن پر کئی ساری اُلجھنوں کا بسیرا تھا۔
وہ ذہنی طور پر اُس وقت محبت اور نفرت کی درمیانی خلیج پر کھڑا تھا۔نمل حیدر نے اُس کے چہرے کے تاثرات دیکھے تو مسکرائی اور میٹھی آواز میں کہنے لگی:
”مزمل بھائی!آخری بات ماں کا ذکر ہوتے ہی آپ کے چہرے کے خدوخال تبدیل ہوگئے تھے۔ ایسا کیوں…تھا؟ میں یہ تو نہیں پوچھوں گی آپ کا نجی معاملہ ہے۔چند دن پہلے ایک نئے رائٹر کا ناول پڑھنے کا موقع ملا اُس نے ایک لائن بڑی اچھی لکھی تھی”ماں جیسی بھی ہو جنت میں موسیٰ کا پڑوسی بنا دیتی ہے“حسین اتفاق ہے آپ کا نام ”م“ سے شروع ہوتا ہے۔
ماں اور محبت بھی م سے ہی ہیں۔ مجھ سے ایک دفعہ ایک فین نے email کے ذریعے پوچھا، نمل آپی محبت کا مطلب تو بتائیں … ؟
میں چند دن سوچتی رہی پھر مجھے جواب مل گیا۔
محبت کا مطلب ہے ماں اور ماں کا مطلب ہے محبت
”ان شاء اللہ تھوڑی دیر میں ہم لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اُترنے والے ہیں۔ حفاظتی بیلٹ باندھ لیجئے اور کرسی کی پشت سیدھی کر لیں…“
ایئر ہوسٹس نے نمل حیدر کی حکمت سے بھری باتوں کا سلسلہ توڑا تھا۔
جہاز کی لینڈنگ کے بعد مزمل نے نمل حیدر کا ہینڈ کیری کیبن سے نکال کر اُس کے حوالے کیا تھا نمل حیدر نے مشکور نگاہوں سے اُسے دیکھا اور مسکراتے ہوئے کہنے لگی :
”مزمل بھائی! کوئی بات ناگوار گزری ہو تو معذرت خواہ ہوں۔“
#…#
Episode #1
Mann K Mohally Main Episode #1 By Shakeel Ahmed Chouhan | most romantic urdu novels
*___""Maan Ki Jaan""___*
*___""DSD""___*
من کے محلے میں ( شکیل احمد چوہان )
Click Below For Reading More Novels
No comments:
Post a Comment